قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں وائٹ واش کردیا
لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز اسکور کیے۔ اس اننگز کے ساتھ ہی بابر اعظم نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی 39ویں نصف سنچری مکمل کی اور یوں وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔
31 سالہ بابر اعظم نے یہ اعزاز اپنے 139ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں حاصل کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے پاس تھا، جنہوں نے 125 میچز میں 38 نصف سنچریاں بنا رکھی تھیں۔ واضح رہے کہ ویرات کوہلی اب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، جس کے بعد بابر اعظم نے اس فہرست میں سبقت حاصل کر لی ہے۔
بنگلا دیش کو ورلڈ کپ سے نکالنے کا معاملہ،سری لنکا کا ردعمل آ گیا
اعداد و شمار کے مطابق اس فہرست میں سابق بھارتی کپتان روہت شرما 37 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 31 نصف سنچریوں کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے جارح مزاج اوپنر ڈیوڈ وارنر 29 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
بابر اعظم کی یہ کامیابی صرف نصف سنچریوں تک محدود نہیں۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ بابر اعظم نے 139 اننگز میں 39.51 کی شاندار اوسط سے 4 ہزار 505 رنز اسکور کر رکھے ہیں، جو ان کی مستقل مزاجی اور اعلیٰ بیٹنگ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی یہ کارکردگی نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی کرکٹ کیلئے بھی ایک بڑا اعزاز ہے۔ شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ بابر اعظم آئندہ بھی اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے قومی ٹیم کیلئے مزید ریکارڈز اپنے نام کریں گے۔
