امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب سمندر میں کشیدگی پیدا کرنے والے رویے سے گریز کرے۔
پاسداران انقلاب اہم سمندری گزرگاہ میں کل سے 2 روزہ جنگیں مشقیں کرے گی، امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمزدنیا کے سب سے اہم تیل کے راستوں میں شامل ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کی جنگی مشقوں پر بیان میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاسداران انقلاب سمندر میں کشیدگی پیدا کرنے والے رویے سے گریز کرے، یہ مشقیں بین الاقوامی بحری ٹریفک کو کسی خطرے کے بغیر کی جائیں۔
سینٹکام نے کہا کہ آبنائے ہرمز اہم راہداری ہے، روزانہ تقریباً 100 تجارتی جہاز گزرتے ہیں، تجارتی جہازوں کے قریب غیر پیشہ وارانہ رویے سے تصادم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ یقینی بنائیں گے کہ ہمارے اہلکار، جہاز اور طیارے مشرق وسطیٰ میں محفوظ رہیں، ایرانی پاسداران انقلاب کے غیر محفوظ اقدامات برداشت نہیں کریں گے۔
سینٹکام نے کہا کہ امریکی فوج دنیا کی سب سے زیادہ تربیت یافتہ اور مہلک قوت ہے، امریکی فوج پیشہ ورانہ معیار، عالمی اصولوں کے مطابق کام جاری رکھے گی۔
