آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر کین رچرڈسن (Kane Richardson)نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 34 سالہ رچرڈسن نے یہ اعلان بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے حالیہ سیزن کے اختتام پر کیا، جس کے ساتھ ہی ایک طویل اور کامیاب کرکٹ سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
شعیب ملک کا پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
کین رچرڈسن نے حال ہی میں سڈنی سکسرز کے ساتھ ایک سالہ معاہدہ کیا تھا تاہم وہ ٹیم کے لیے صرف دو میچز ہی کھیل سکے۔ وہ بی بی ایل کے اولین سیزن سے اس لیگ کا حصہ رہے اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور میلبورن رینیگیڈز کے لیے طویل عرصے تک خدمات انجام دیں۔ رچرڈسن 19-2018 کے سیزن میں میلبورن رینیگیڈز کے ساتھ بی بی ایل کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
بی بی ایل میں رچرڈسن کا شمار کامیاب ترین بولرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے لیگ میں مجموعی طور پر 142 وکٹیں حاصل کیں، جس کے ساتھ وہ بی بی ایل کی تاریخ کے پانچویں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ ان کی اوسط 23.21 اور اکانومی ریٹ 7.87 رہا، جو ان کی مستقل مزاجی اور کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلوی وویمن ٹیم کی کپتان کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان
ریٹائرمنٹ کے اعلان کے لیے کین رچرڈسن نے سب سے پہلے انسٹاگرام کا سہارا لیا، بعد ازاں انہوں نے آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے ذریعے باقاعدہ بیان بھی جاری کیا۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ 2009 میں ڈیبیو سے لے کر اب تک انہوں نے خود کو مکمل طور پر کرکٹ کے لیے وقف رکھا اور اب اس شاندار سفر کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے کوچز، انتظامیہ اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی آسٹریلیا اور ناردرن ٹیریٹری میں گزارے گئے ابتدائی دنوں نے ان کے کیریئر کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ رچرڈسن نے یہ بھی کہا کہ دارون میں بچپن سے کرکٹر بننے کا خواب دیکھا اور قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز رہا۔
عثمان خواجہ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
کین رچرڈسن نے آسٹریلیا کی جانب سے 25 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ وہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے، جب کہ 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ اور اس کے بعد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی قومی اسکواڈ میں شامل رہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے دنیا بھر کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جن میں آئی پی ایل کے چار سیزنز، ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ، دی ہنڈرڈ اور آئی ایل ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔ کرکٹ شائقین کین رچرڈسن کو ایک محنتی، جذبے سے بھرپور اور ٹیم کے لیے ہمیشہ تیار رہنے والے بولر کے طور پر یاد رکھیں گے۔
