لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ریسکیو کے پورے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ گل پلازہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ اور سندھ حکومت کو اگر کسی بھی قسم کی مدد درکار ہو تو وہ ضرور فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں لاہور کی ایک عمارت میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا۔ جس میں ریسکیو اداروں کی فوری کارروائی قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمارتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایس او پیز جاری کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ امدادی کارروائیوں میں سیف سٹی منصوبے سے بھرپور مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ جیسے سیلاب کے دوران پنجاب حکومت نے ایک ٹیم کی طرح کام کیا۔ اسی طرح ہنگامی حالات میں بھی ادارے ہم آہنگی سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ ریسکیو کے پورے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ ریسکیو ادارے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس لیے فائر فائٹنگ کے تمام آلات کو فعال اور جدید بنایا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت تشویشناک؟ چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان آگیا
انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فرضی مشقیں بھی کی گئی ہیں۔ اور تمام عمارتوں میں حفاظتی آلات کی جانچ پڑتال کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
