اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی موبائل سم کو مسلسل 6 ماہ تک استعمال میں نہ لایا گیا تو متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر اسے بند کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق وہ سمز جن پر 180 دن تک کال، ایس ایم ایس یا انٹرنیٹ استعمال کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہو۔ انہیں غیر فعال تصور کیا جائے گا۔ ایسی سمز بند کیے جانے کے بعد ان نمبرز کو کسی دوسرے صارف کو دوبارہ جاری کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ایک بار موبائل نمبر نئے صارف کے نام پر جاری ہو جانے کے بعد سابق صارف کا اس نمبر پر کسی قسم کا قانونی حق یا دعویٰ باقی نہیں رہتا۔
حکام کے مطابق اگر کوئی صارف کسی مجبوری یا وجہ کے باعث عارضی طور پر اپنی سم استعمال نہیں کر پا رہا تو وہ متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر کو تحریری درخواست یا ای میل کے ذریعے مخصوص مدت کے لیے نمبر محفوظ رکھنے کی درخواست دے سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں بہت بڑا سائبر طوفان، تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے صارفین متاثر
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا کہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے اپنی موبائل سمز کا باقاعدہ اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال جاری رکھیں۔
