لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاو شیرین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے ژاو شیرین کی بطور چینی قونصل جنرل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل ژاو شیرین نے کہا کہ پاکستان میں ان کا قیام انتہائی خوشگوار رہا اور پاک چین دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے انہوں نے گراں قدر کردار ادا کیا۔
انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر داخلہ آپ نے پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے کے لیے غیر معمولی کام کیا ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چینی وزیر پبلک سیکیورٹی سے ملاقات انتہائی خوشگوار اور سودمند رہی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی تعلقات مزید آگے بڑھ رہے ہیں۔ محسن نقوی نے بتایا کہ وہ ستمبر میں دوبارہ چین کا دورہ کریں گے اور اپنے بھائی سے ملاقات کریں گے۔
حکومت یا فوج کی جانب سے وادی تیراہ کو خالی کروانے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا
ملاقات کے اختتام پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل ژاو شیرین کو کھلاڑیوں کے دستخط شدہ کرکٹ بیٹ کا تحفہ پیش کیا، جبکہ ژاو شیرین نے وزیر داخلہ کو چینی صدر کی کتاب بطور تحفہ دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
