قومی فاسٹ بولر حارث رؤف نے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے ممکنہ اسکواڈ سے اخراج کی خبروں پر کھل کر ردِعمل دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انہیں ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ کیا گیا تو یہ یقیناً مایوس کن ہوگا، تاہم وہ اسے اپنے کیریئر کا اختتام نہیں سمجھتے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا گیا، لیکن حالیہ رپورٹس میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ حارث رؤف کو ٹیم سے باہر رکھا جا سکتا ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن بھی فاسٹ بولر کی شمولیت کے حق میں نہیں ہیں۔
حارث رؤف نے آخری بار پاکستان کی نمائندگی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت کے خلاف 28 ستمبر کو کی تھی، جہاں وہ دباؤ کا شکار نظر آئے اور 3.4 اوورز میں 50 رنز دے بیٹھے، جبکہ پاکستان 146 رنز کے دفاع کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کارکردگی کے بعد بڑے میچز میں ان کی صلاحیت پر سوالات اٹھے اور وہ اس کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔

انہیں سری لنکا کے خلاف بیرونِ ملک سیریز اور آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ہوم سیریز کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز سے بھی باہر رکھا گیا۔
حالیہ انٹرویو میں حارث رؤف نے تسلیم کیا کہ ورلڈکپ اسکواڈ سے نظرانداز کیا جانا ممکن ہے، مگر وہ اس صورتحال کو حوصلے سے دیکھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا،’’اگر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل نہیں ہوا تو یہ مایوس کن ضرور ہوگا، لیکن یہ میرے کیریئر کا اختتام نہیں ہوگا۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی بولنگ پر مسلسل کام کر رہے ہیں اور جب بھی موقع ملا، بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ قومی ٹیم سے باہر ہونے کے باوجود حارث رؤف کی فارم شاندار ہے۔ وہ اس وقت بگ بیش لیگ 15 میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے 11 میچز میں 20 وکٹوں کے ساتھ وکٹوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں، جو ان کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

