نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ایڈم ملن ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 سے باہر ہو گئے ہیں، جس کے بعد ان کی جگہ کائل جیمیسن کو قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ایڈم ملن کو یہ انجری جنوبی افریقہ کی ایس اے 20 لیگ کے دوران سن رائزرز ایسٹرن کیپ کی نمائندگی کرتے ہوئے پیش آئی تھی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق ایڈم ملن نے گزشتہ اتوار کو ایم آئی کیپ ٹاؤن کے خلاف میچ میں اپنی پہلی ہی اوور کے دوران انجری محسوس کی، جس کے بعد کرائے گئے اسکینز میں ہیم اسٹرنگ میں شدید کھچاؤ کی تصدیق ہوئی۔ ملن نے ایس اے 20 ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 وکٹیں حاصل کیں، ان کا اوسط 16.27 جبکہ اکانومی ریٹ 7.61 رہا۔

نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ راب والٹر نے ایڈم ملن کی انجری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم اس خبر سے مایوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈم نے ٹورنامنٹ کے لیے خود کو بہترین انداز میں تیار کیا تھا اور ایسٹرن کیپ سن رائزرز کی جانب سے آٹھ میچز میں وہ اپنی پرانی فارم میں واپس نظر آ رہے تھے۔ راب والٹر کے مطابق یہ انجری ایڈم کے لیے بدقسمت وقت پر ہوئی اور ٹیم ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ نہ کھیلنے کے معاملہ،بی سی بی نے آئی سی سی سے ایک اور مطالبہ کر دیا
ایڈم ملن کی عدم موجودگی میں کائل جیمیسن کو ٹریولنگ ریزرو سے اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ کائل جیمیسن اس وقت بھارت کے دورے پر موجود نیوزی لینڈ ٹیم کا حصہ ہیں۔ راب والٹر نے کہا کہ کائل کا پہلے سے ٹیم کے ساتھ ہونا خوش آئند ہے، وہ فاسٹ بولنگ یونٹ کا اہم رکن ہیں اور اس دورے پر بہترین آغاز کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق جیمیسن ایک محنتی کھلاڑی ہیں جن کے پاس عمدہ صلاحیتیں اور تجربہ موجود ہے جو ورلڈکپ میں ٹیم کے کام آئے گا۔
واضح رہے کہ کائل جیمیسن نے گزشتہ سال کمر کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی تھی اور رواں ماہ بھارت کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 41 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ : بنگلہ دیش کے انکار کی صورت میں اسکاٹ لینڈ کی شمولیت کا امکان
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل بتایا تھا کہ میٹ ہنری اور لاکی فرگوسن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران مختصر عرصے کے لیے رخصت بھی لے سکتے ہیں۔ بورڈ کے مطابق ورلڈکپ سے قبل اسکواڈ میں ایک اور ٹریولنگ ریزرو بھی شامل کیا جائے گا۔
نیوزی لینڈ ٹیم اپنا ورلڈکپ سفر 8 فروری کو چنئی میں افغانستان کے خلاف میچ سے شروع کرے گی، جبکہ 6 فروری کو ممبئی میں امریکا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلا جائے گا۔
