دوحہ:پاکستان نے ایشیائی شاٹ گن چیمپیئن شپ میں سونے کا تمغہ جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
پاکستان کے محمد فاروق ندیم نے ایشیائی شاٹ گن چیمپیئن شپ میں مردوں کے انفرادی ٹریپ مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ انہوں نے فائنل میں 30 میں سے 27 اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
مقابلے میں قازقستان کے میکسم بیداروف نے 26 اسکور کے ساتھ چاندی جبکہ کویت کے الفیحان نے 20 اسکور حاصل کر کے کانسی کا تمغہ جیتا۔
محمد فاروق ندیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں ساتویں پوزیشن پر رہے تھے۔ تاہم فائنل میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے پوڈیم تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ یہ تمغہ ایشین شاٹ گن چیمپیئن شپ میں پاکستان کی پہلی اور اب تک واحد کامیابی ہے۔
خواتین کے انفرادی ٹریپ مقابلے میں چائنیز تائی پے کی وان یو لیو نے 30 میں سے 24 اہداف کو نشانہ بنا کر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ ان کی اس کارکردگی نے نیا ایشیائی اور عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ قازقستان کی ابراگیمووا الیینووا نے 23 اسکور کے ساتھ چاندی جبکہ چین کی شین یو فان نے 17 ہٹس کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔
خواتین کے ٹیم ٹریپ مقابلے میں قازقستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ راؤنڈز میں مجموعی طور پر 235 پوائنٹس کے ساتھ سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ چائنیز تائی پے نے 316 پوائنٹس کے ساتھ چاندی جبکہ کویت نے 315 پوائنٹس کے ساتھ کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی صحافی وکرانت گپتا بھی محسن نقوی کے جرات مندانہ مؤقف کے معترف
چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب میں تمغے قطر اولمپک کمیٹی کے پہلے نائب صدر محمد بن یوسف المانع، سری لنکا کے سفیر، قطر شوٹنگ اینڈ آرچری فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل جاسم شاہین السلیطی اور کویتی و عرب شوٹنگ فیڈریشنز کے سیکرٹری جنرل عبید مناحی العثیمی نے تقسیم کیے۔
