اسلام آباد: بھارتی صحافی وکرانت گپتا بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے دوٹوک مؤقف اور جرات مندانہ طرزعمل کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں وکرانت گپتا نے محسن نقوی کے مؤقف کو پی سی بی کی تاریخ میں ایک غیر معمولی قدم قرار دیا ہے۔
ویڈیو بیان میں وکرانت گپتا نے کہا کہ پی سی بی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی چیئرمین بھارت اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے کھل کر بات کر رہا ہے۔ اور کسی دباؤ کا شکار نظر نہیں آ رہا۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی بھارت اور آئی سی سی کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کر رہے ہیں۔ اور کسی خوف میں مبتلا نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو واضح ہدایات دی ہیں کہ ورلڈ کپ کی تیاری فی الحال روک دی جائے۔
وکرانت گپتا نے اس موقع پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بھارتی کھلاڑیوں کو میدان میں مصافحہ اور خیرسگالی سے روکا جاتا ہے۔ جبکہ دوسری جانب تجارتی سرگرمیاں اور مالی مفادات جاری رکھے جاتے ہیں۔ جو کہ دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے میچز شیڈول کے مطابق ہی ہونگے، آئی سی سی
واضح رہے کہ اس سے قبل ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی تقریب کے دوران بھی پاک بھارت تنازع سامنے آیا تھا۔ جب بھارت نے ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود اختتامی تقریب میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
