وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد عوام کو جدید اور آسان طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یہ اعلان انہوں نے جھنگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں امراض قلب کی نئی کیتھ لیبارٹری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مریم نوازنے کہا کہ ایمرجنسی کے دوران دل کے مریض کو دوسری جگہ منتقل کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے ڈی ایچ کیو جھنگ میں کیتھ لیب کا قیام خوش آئند ہے۔
پنجاب بھرمیں اب تک 16 کیتھ لیبارٹریاں قائم کی جا چکی ہیں جبکہ نواز شریف کینسرہسپتال کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتال نہ صرف صوبے بلکہ دوسرے صوبوں کے عوام کے لئے بھی علاج فراہم کررہے ہیں اورغربت یا وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی بھی مریض علاج سے محروم نہیں رہے گا۔
جنوبی پنجاب کے بڑے اضلاع میں نمونیا کے حملے،کئی بچوں کی حالت تشویشناک
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے سیکڑوں مریضوں کی جانیں بچائی گئی ہیں اوراعضا کی پیوند کاری کے حوالے سے مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
جھنگ میں واسا کے قیام سے سیوریج میں بہتری آئی ہے اور ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے ضلع کی گلیاں اور محلے صاف کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہورپاکستان کا پہلا میڈیکل ڈسٹرکٹ بن چکا ہے، جہاں سب سے پہلے ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع ہوا تھا اوراب اس پروگرام کو پورے صوبے میں وسعت دی جا رہی ہے تاکہ ہرضلع کے عوام جدید طبی سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔
