جنوبی پنجاب کے بڑے اضلاع ملتان اور بہاولپور میں نمونیا کے حملے تیز ہوگئے ،24 گھنٹے میں ملتان میں 69,بہاولپور میں 21 بچے نمونیا کا شکار ہوئے۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق چلڈرن اسپتال ملتان میں 41 بچوں میں نمونیا کی تصدیق ہوئی،نشتر اسپتال میں 16,شہباز شریف اسپتال میں8,ساؤتھ سٹی میں 5 بچے رپورٹ ہوئے ۔
آنکھوں کے معمولی مرض سے پیدا ہونیوالی خطرناک بیماری
اسی طرح بہاولپور سر صادق عباسی اسپتال میں 9،بہاولپو وکٹوریہ میں 11 بچے رپورٹ ہوئے،بہاول وکٹوریہ اسپتال میں نمونیا کے شکار 7 بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
نمونیا کیا ہے؟ اسباب، علامات اور علاج
طبی ویب سائٹ ہیلتھ لائن کی رپورٹ کے مطابق نمونیا پھیپھڑوں کے اندر ہونے والے انفیکشن کو کہا جاتا ہے۔ نمونیا کے زیادہ تر کیسز وائرس کی وجہ سے ہوتے ہیں اور یہ عموماً نزلہ یا زکام کی علامات کے بعد ظاہر ہو سکتا ہے۔
یہ بیماری ہلکی بھی ہو سکتی ہے اور بعض اوقات شدید شکل اختیار کر کے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر پانچ سال یا اس سے کم عمر بچوں میں اس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
نمونیا کی وجوہات
اگر نمونیا کسی صحت مند بالغ فرد کو لاحق ہو تو عموماً جسم کا مدافعتی نظام اس کا مقابلہ کر لیتا ہے، تاہم بچوں کے لیے اس بیماری سے نمٹنا بعض اوقات مشکل ہو جاتا ہے۔
بچوں میں نمونیا ہونے کی اہم وجوہات میں ماں کے دودھ کی کمی، فضائی آلودگی، غذائیت کی کمی، سردی میں زیادہ دیر تک رہنا اور کمزور مدافعتی نظام شامل ہیں۔
نمونیا کی علامات
نمونیا کی بعض اوقات ہلکی نظر آنے والی علامات بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس کی عام علامات درج ذیل ہیں:
بلغم کے ساتھ کھانسی،بخار،زیادہ پسینہ آنا یا سردی لگنا،معمولی سرگرمی کے دوران سانس پھولنا،سانس لیتے یا کھانستے وقت سینے میں درد،شدید تھکاوٹ،بھوک میں کمی،متلی یا الٹی کا احساس،سر درد۔
عمر اور مجموعی صحت کے مطابق علامات میں فرق بھی ہو سکتا ہے۔شیر خوار یا نومولود بچوں میں بعض اوقات واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں، تاہم انہیں متلی، توانائی کی کمی، یا دودھ پینے اور کھانے میں دشواری کا سامنا ہو سکتا ہے۔پانچ سال سے کم عمر کے بچوں میں سانس لینے میں دشواری نمونیا کی ایک اہم علامت سمجھی جاتی ہے۔
علاج
نمونیا کی تشخیص کے لیے ڈاکٹر عموماً سینے کا ایکسرے تجویز کرتے ہیں، جس سے پھیپھڑوں کی حالت کے بارے میں درست معلومات حاصل ہوتی ہیں۔
اگر نمونیا وائرس کی وجہ سے ہو تو ڈاکٹر اینٹی وائرس ادویات تجویز کرتے ہیں، جبکہ مریض کو مکمل آرام، مناسب غذا اور وافر مقدار میں پانی پینے کا بھی مشورہ دیا جاتا ہے۔ بروقت تشخیص اور علاج نمونیا کی پیچیدگیوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
