پشاور، پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور خیریت کے حوالے سے کوئی مصدقہ معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں، جو نہایت تشویشناک صورتحال ہے۔
شوکت یوسفزئی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے آخری ملاقات کو تقریباً 50 دن گزر چکے ہیں جبکہ ملاقات کیلئے رات بھردھرنا بھی دیا گیا، تاہم اس کے باوجود رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کسی سابق وزیراعظم کے ساتھ جیل میں ایسا رویہ اختیارنہیں کیا گیا ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا حق مانگ رہے ہیں، مگر ہائی کورٹ کی جانب سے نامزد کئے گئے چھ وکلاء کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپیلیں عدالتوں میں سماعت کے لئے مقرر نہیں کی جا رہیں، جبکہ پارٹی کی خواتین کو حراست میں لیا گیا ہے، جنہیں فوری رہا کیا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے گل پلازا واقعے پرسندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب وہاں دکانیں تعمیر ہو رہی تھیں تو صوبائی حکومت کیا کر رہی تھی؟ یہ واقعہ پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکمرانی کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔
سلمان اکرم راجہ کی محمود اچکزئی سے ملاقات، مشترکہ لائحہ عمل پرمشاورت
انہوں نے دہشت گردی سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی، خیبر پختونخوا حکومت اورعوام خود دہشت گردی سے متاثررہے ہیں، ہمارے لوگ شہید ہوئے ہم دہشتگردوں کے حامی کیسے ہو سکتے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ تحریک طالبان ایک دہشت گرد تنظیم ہے اور رہے گی، جبکہ پارٹی سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والے اکاؤنٹس کی پشت پناہی نہیں کرتی۔
اس موقع پر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف زیادہ تر وقت بیرون ملک گزارتے ہیں، پنجاب میں 144 فیکٹریوں کی بندش سے ایک لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے، جبکہ معیشت کی بہتری کے دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔
