پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اپنے علاقے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ اور حکومت و جرگے کے درمیان طے پانے والے 37 نکات پر فوری عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کو خود لا کر یہاں آباد کیا گیا۔ جس کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں۔ سہیل افریدی یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کی مرضی کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے۔ لیکن معاہدے کمشنر خود کر رہے ہیں۔ جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے وفاقی حکومت کی خاموشی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات ناگزیر ہیں۔ کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی سے امریکہ اور بھارت خوش ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کی سرحدوں کو سیل کرنے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع اس وقت شدید بدامنی کی زد میں ہیں۔ اور جب لوگوں کو روزگار کے مواقع نہیں ملیں گے تو بدامنی میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات وقت پر کرائے جائیں۔ تاہم انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ صوبے میں بلدیاتی نمائندے بھی بے اختیار ہیں۔
کراچی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ 17 سال سے کراچی میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔ اور شہر پر مافیا سسٹم مسلط ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کی میئر شپ پر قبضہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: فروری کے آغاز پر 4 چھٹیاں ایک ساتھ دینے پر غور
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران اپنا قبلہ درست کریں اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل افریدی اپنے علاقے پر خصوصی توجہ دیں۔ تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔
