پنجاب میں 14 عمارتیں انتہائی خطرناک قرار

Punjab Old Buildings

لاہور: پنجاب کی ایک سروے رپورٹ میں 14 عمارتوں کو انتہائی خطرناک قرار دے دیا گیا۔

پنجاب میں خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کے حوالے سے سیکرٹری ایمرجینسی اینڈ ریسکیو سروسز کی جانب سے ایک جامع سروے رپورٹ مرتب کر لی گئی۔ جس میں خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق ان 14 عمارتوں میں سے 13 کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ جبکہ فیصل آباد میں ایک عمارت کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان عمارتوں میں رہائشی اور کمرشل سرگرمیوں کے باعث شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بی کیٹیگری میں 63 عمارتیں شامل کی گئی ہیں۔ جن کے لیے مسلسل نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان عمارتوں کو مرمت یا خالی کرانے کی ہدایت جاری کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

سروے میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ خطرناک عمارتیں شہری جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔ جس پر ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔ ان اداروں کی جانب سے خطرناک عمارتوں کے خلاف قانونی کارروائی اور سیلنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں فائر سیفٹی اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ جبکہ شہری علاقوں میں موجود پرانی اور خستہ حال عمارتوں کو بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ خطرناک عمارتوں کے مکینوں کی منتقلی کے لیے لائحہ عمل بھی زیر غور ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران خان سے وکلا کی ملاقات کی درخواست مسترد

دوسری جانب ضلعی سطح پر فزیکل انسپیکشن کا عمل مزید تیز کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ جبکہ پنجاب میں کراچی جیسے سانحات سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp