جنوبی ایشیا میں گرم دودھ میں دیسی گھی ملا کر پینا صدیوں پرانی روایت سمجھی جاتی ہے۔ ماضی میں اس نسخے کو عموماً بزرگوں کا ٹوٹکا سمجھا جاتا تھا، تاہم اب جدید تحقیق اور ماہرینِ صحت بھی اس کے متعدد فوائد کی تصدیق کر رہے ہیں۔
عام طور پر دیسی گھی کو گرم دودھ میں ملا کر رات کے وقت استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ سردیوں میں اس کا استعمال زیادہ عام ہے۔ ماہرین کے مطابق دودھ اور دیسی گھی کا یہ امتزاج نہ صرف جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے بلکہ مجموعی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔
ہاضمے کو بہتر بنانے میں مددگار
دیسی گھی میں بٹیرک ایسڈ پایا جاتا ہے جو آنتوں کی صحت کے لیے نہایت مفید سمجھا جاتا ہے۔ جب دیسی گھی کو گرم دودھ میں شامل کر کے پیا جائے تو یہ نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے، غذائی اجزاء کے جذب میں مدد دینے اور معدے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
دیرپا توانائی کا ذریعہ
دودھ پروٹین فراہم کرتا ہے جبکہ دیسی گھی صحت مند چکنائی کے ذریعے جسم کو طویل عرصے تک توانائی مہیا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ امتزاج پٹھوں کی بحالی، جسمانی طاقت اور قوتِ برداشت بڑھانے میں مدد دیتا ہے، اسی لیے ایتھلیٹس اور جسمانی مشقت کرنے والے افراد اسے اپنی خوراک میں شامل کرتے ہیں۔
نیند کے معیار میں بہتری
گرم دودھ میں موجود ٹرپٹوفن دماغ کو پُرسکون کرنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ دیسی گھی اس اثر کو مزید بڑھا دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ سونے سے پہلے گرم دودھ میں دیسی گھی ملا کر پینا پسند کرتے ہیں تاکہ گہری اور پُرسکون نیند حاصل ہو سکے۔
ہڈیوں اور جوڑوں کی صحت کیلئے مفید
دودھ کیلشیم اور وٹامن ڈی کا اہم ذریعہ ہے جبکہ دیسی گھی میں وٹامن اے اور وٹامن کے شامل ہوتے ہیں۔ یہ غذائی اجزاء ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور جوڑوں کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر اسے اعتدال میں استعمال کیا جائے تو گرم دودھ اور دیسی گھی کا یہ روایتی نسخہ صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
