مکران کے ساحلی علاقوں میں سمندر کے پانی کا رنگ غیر معمولی طور پر سبز ہو گیا ہے، جس کے باعث سمندری حیات کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ماحولیاتی حکام کے مطابق گوادر، پسنی، جیوانی اور اورماڑہ کے ساحلی علاقوں میں الجی (کائی) کی غیر معمولی افزائش کے باعث پانی میں آکسیجن کی سطح خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں مچھلیاں ہلاک ہو چکی ہیں۔
سڈنی میں ساحل سمندر پر فائرنگ، 16 افراد ہلاک
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے بتایا کہ ساحلی علاقوں میں گٹار فش سمیت تقریباً 200 سمندری سانپ مردہ حالت میں پائے گئے ہیں، جو آکسیجن کی کمی کے باعث ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندر میں آکسیجن کی سطح میں اچانک کمی نے نہ صرف مچھلیوں بلکہ دیگر سمندری جانداروں کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔
ماحولیاتی حکام کے مطابق الجی بلوم ایک قدرتی عمل ہے جو بعض موسمی اور ماحولیاتی عوامل کے تحت رونما ہوتا ہے، تاہم اس کے فوری اثرات انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ الجی کی افزائش کے باعث پانی میں بدبو اور تعفن پھیل گیا ہے، جس سے ساحلی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے سمندری حیات کے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے ماہی گیروں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متاثرہ علاقوں میں شکار سے گریز کریں تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔
ابو ظبی نے سمندر کی صفائی میں عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موسمی حالات سازگار رہے تو آئندہ چند دنوں میں سمندر کی صورتحال معمول پر آ سکتی ہے اور پانی میں آکسیجن کی سطح بہتر ہو جائے گی۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔
