گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے، لوگ اب بھی اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔
کراچی کے تجارتی مرکزی صدر ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں لگنے والی آگ سے کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں، آگ بجھانے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
آگ لگنے کے بعد کئی افراد لاپتہ ہیں، لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں پریشان ہیں، متاثرہ دکاندار اور ان کے اہلِ خانہ گزشتہ رات سے گل پلازہ کے باہر موجود ہیں۔
جو بھاری مالی نقصان کی وجہ سے افسردہ ہیں کئی افراد کے گھر کا نظام بھی یہاں کاروبار سے چلتا تھا، کئی افراد کو اپنے پیاروں کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے وہ اب بھی ان کے منتظر ہیں اور ان کی سلامتی کے لئے دعا گو ہیں۔
کل رات کو جب آگ لگی تو اس وقت وہاں کام کرنے والوں کے ساتھ ساتھ خریداروں کی بڑی تعداد موجود تھی، کتنی اموات ہوئیں اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔
گل پلازہ آتشزدگی کے بعد ساؤتھ زون پولیس نے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے، شہری معلومات یا گمشدگی کی اطلاع ان نمبرز پر دے سکتے ہیں
02199205670، 02199201196، 02199205691۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ہر اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے گی، انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ افواہوں سے گریز کریں، درست معلومات حکام تک پہنچائیں۔
