گوجرہ: وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنی سیاست نہیں بلکہ ریاست بچانے کو ترجیح دی۔
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اس وقت ترقیاتی کاموں میں ملک کے دیگر صوبوں سے آگے ہے۔ پنجاب میں کوڑا کرکٹ باقاعدگی سے لوگوں کے گھروں سے اٹھایا جاتا ہے۔ جبکہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں یہ صورتحال نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی کچے یا پکے کا ڈاکو نہیں۔ بلکہ جو بھی جرم کرتا ہے وہ قانون کی گرفت میں آتا ہے۔ صوبے کے ہر علاقے میں کارپٹ سڑکوں کا جال بچھا ہوا ہے جو دیگر صوبوں میں موجود نہیں۔
طلال چودھری نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ اور لوگ بے خوف ہو کر گھروں میں رہتے اور سفر کرتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں تھانے نہیں بکتے اور شہری بلاخوف سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کر سکتے ہیں۔
طلال چودھری نے اعتراف کیا کہ پی ڈی ایم کی حکومت کے دوران مہنگائی میں اضافہ ہوا، تاہم گزشتہ دو سے اڑھائی برسوں میں ملکی معاشی حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور مستقبل میں مزید بہتری متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بسنت کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ فری، اورنج لائن ٹرین کے بارے فیصلہ نہ ہو سکا
طلال چودھری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نعروں کے بجائے کارکردگی اور موازنہ کی بنیاد پر فیصلے کریں اور ووٹ دیں۔
