نئی دہلی: بھارتی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے بالی ووڈ اداکارہ خوشی مکھرجی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا۔ جس میں انہوں نے 100 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی جانب سے قانونی کارروائی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک متنازع بیان کے بعد عمل میں لائی گئی۔ جس میں خوشی مکھرجی نے دعویٰ کیا تھا کہ سوریا کمار یادیو انہیں ذاتی نوعیت کے پیغامات بھیجا کرتے تھے۔
سوریا کمار یادیو کی قانونی ٹیم نے ان الزامات کو مکمل طور پر جھوٹا، بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دعوؤں کا مقصد کرکٹر کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ وکلا کے مطابق خوشی مکھرجی کے دعوؤں کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے۔
قانونی ٹیم نے کہا کہ غیر مصدقہ اور من گھڑت الزامات کسی بھی عوامی شخصیت کی نجی زندگی اور کیریئر پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ اس لیے اس معاملے میں قانونی کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشہور شخصیات کو نشانہ بنا کر بغیر شواہد الزامات لگانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ بلکہ اس سے عوام میں گمراہ کن تاثر بھی پھیلتا ہے۔ جس کا سدباب ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ میں نئی تاریخ رقم، 231 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا
دوسری جانب بالی ووڈ اداکارہ خوشی مکھر جی کی جانب سے تاحال مقدمے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
