شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں آج بروز ہفتہ مرمتی کام کے باعث بجلی کی فراہمی معطل رہے گی، جس کا دورانیہ 15 گھنٹے تک ہو سکتا ہے۔
کے-الیکٹرک کی جانب سے 44 فیڈرز پر صبح سے شام تک بجلی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ فیڈرز پر کم از کم 12 گھنٹے بجلی بندش متوقع ہے۔
ترجمان کے مطابق مرمتی کام کے نام پر بجلی کی بندش لوڈشیڈنگ کے معمول کے شیڈول کے علاوہ کی جائے گی، جبکہ بعض مقامات پر کام کا دورانیہ 15 گھنٹے تک بڑھ سکتا ہے۔
اس صورتحال کے باعث لاکھوں شہری ہفتے کی صبح سے طویل دورانیے کی بجلی بندش کا سامنا کریں گے۔
بجلی سے متاثر ہونے والے علاقوں میں لیاقت آباد، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی، ڈیفنس، شاہ فیصل، نورس چورنگی، خواجہ اجمیر نگری، گودھرا سمیت مختلف صنعتی فیڈرز شامل ہیں۔
دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے بھی گیس بندش کا اعلان کر دیا ہے۔
ایس ایس جی سی کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز شہر کی تمام صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند رہے گی، جبکہ تمام سی این جی اسٹیشنز کو بھی دو دن کے لیے گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔
اس طرح کراچی میں شہریوں کی بڑی تعداد بجلی جبکہ صنعتی شعبہ گیس کی فراہمی سے محروم رہے گا۔
