الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر اورعدم تعاون پر پنجاب حکومت کے خلاف نوٹس لے لیا ہے اور اس معاملے سے متعلق کیس کو سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت کے خلاف بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت 22 جنوری کو ہوگی، چیف سیکرٹری پنجاب اورسیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو 22 جنوری کو ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یقین دہانیوں کے باوجود حلقہ بندی رولز، کنڈکٹ آف الیکشن رولزاور یونین کونسلوں کی تعداد سے متعلق ضروری معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث بلدیاتی انتخابات کا عمل مزید تاخیر کا شکار ہوا۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لے لیا
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کی آئینی مدت چارسال قبل ہی مکمل ہو چکی ہے، تاہم اس کے باوجود صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں ہو سکا، پنجاب میں مقامی حکومتوں کی مدت 31 دسمبر 2021 کو ختم ہو چکی تھی۔
