کراچی، انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے انٹربورڈ کراچی کے کمیٹی روم میں کیا۔
اس موقع پر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ کے اسپیشل سیکرٹری سہیل انور بلوچ بھی موجود تھے۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد کے مطابق سائنس جنرل گروپ میں 19 ہزار 212 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی، جن میں سے 18 ہزار 813 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔
امتحانات میں سے 9 ہزار 678 امیدوار تمام 6 پرچوں میں کامیاب قرار پائے، جبکہ 3 ہزار 542 امیدوار پانچ، 2 ہزار 353 چار، 1 ہزار 405 تین، 860 دو اور 580 امیدوار ایک پرچے میں کامیاب ہوئے۔
چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ انٹربورڈ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار سائنس جنرل گروپ میں ریاضی کا پرچہ ای مارکنگ کے تحت لیا گیا۔
طلبا کیلئے خوشخبری ، محکمہ تعلیم سندھ کا آکسفورڈ یونیورسٹی کی اسکالرشپ کا اعلان
Rubrics سسٹم کے مطابق ای مارکنگ سے ریاضی کے پرچے کی جانچ کی گئی جس سے شفافیت، درستگی اور معیار کو یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹربورڈ کراچی امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہا ہے اورآئندہ سال 2026 کے سالانہ امتحانات میں انٹرمیڈیٹ کے مزید پرچوں کی جانچ ای مارکنگ کے تحت کی جائے گی تاکہ معیار اور شفافیت برقرار رہے۔
