انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح کا کہنا ہے کہ اگر کسی طالب علم نے میٹرک آرٹس میں کی ہے تو وہ پری میڈیکل سمیت ہر گروپ میں ایڈمیشن لے سکتا ہے۔
“ہم نیوز” کو خصوصی اور تفصیلی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ہم بین الاقومی قوانین کو مندنظر رکھتے ہوئے اصلاحات لا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری گریڈ 12 یا ایچ ایس ایس سی کو برطانیہ اے لیول کے برابر تصور نہیں کرتا، اس سے متعلق ہماری بات چیت چل رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ جب ہمارا بچہ یہاں سے 12 ویں کر کے جائے تو اسے وہاں کی جامعات میں ایڈمیشن مل جائے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایسا ہو رہا ہےکہ پاکستانی طالب علم سے یونیورسٹی سے پہلے ایک سال کے لیے فاونڈیشن ائیر کراتے ہیں۔
ای ڈی نے بتایا کہ برطانیہ سے اس معاملے پر بات چیت چل رہی ہے، ہماری کچھ کمزوریاں ہیں جنہیں دور کیا جا رہا ہے۔
پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات عیدالفطر کے بعد لینے کا فیصلہ
ابی سی سی کی نئی پالیسیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر کسی طالب علم نے اے لیول یا او لیول کیا ہے تو وہ اپنی تعلیمی اسناد آئی بی سی سی کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کر سکتا ہے، ایک ہفتے کے اندر اسے برابری کا سرٹیفیکیٹ مل جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے تعلیمی نظام میں بہت پیچیدگیاں ہیں، باہر بچے کسی بھی قسم کا کورس آسانی سے کر سکتے ہیں۔ او لیول میں دو تین کورس تو لازمی ہوتے ہیں مگر باقی مضمون کے لیے وہ آزاد ہے۔
ہمارے ہاں میٹرک میں دو گروپس ہیں، آرٹس اور سائنس، سائنس میں بہت محدود آپشن ہیں۔ جب کہ آرٹس میں 200 مضامین کے آپشن موجود ہیں۔اسی طرح انٹر میں طالب علموں کے پاس تین گروپس، جن میں پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور آرٹس۔ بچوں کا زیادہ آپشن آرٹس میں ملتے ہیں۔
