بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکنے کا انکشاف سامنے آنے کے بعد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی تمام ڈسکوز کو وضاحت طلب نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
نیپرا نے اس اقدام کو نہ صرف تشویش ناک قرار دیا ہے بلکہ اسے مروجہ قوانین کی صریح خلاف ورزی بھی قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیپرا کی جانب سے ارسال کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی کے مشاہدے میں آیا ہے کہ مختلف ڈسکوز کی جانب سے نئی نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی رجسٹریشن روک دی گئی ہے، جو صارفین کے قانونی حق کے منافی ہے۔
حکومت مزید بجلی نہیں خریدے گی، مسابقتی مارکیٹ متعارف کرانے کا فیصلہ
نیپرا کا کہنا ہے کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی کا مقصد صارفین کو قابلِ تجدید توانائی کے فروغ میں شامل کرنا اور بجلی کے نظام پر بوجھ کم کرنا ہے، تاہم درخواستوں کی رجسٹریشن روکنا اس مقصد کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کی درخواستیں روکنا نہ صرف نیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے صارفین کا اعتماد بھی مجروح ہو رہا ہے۔
نیپرا نے معاملے کو “موسٹ ارجنٹ” قرار دیتے ہوئے تمام ڈسکوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تین ورکنگ دنوں کے اندر اندر مکمل تفصیلات فراہم کریں، جن میں یہ وضاحت شامل ہو کہ درخواستیں کیوں روکی گئیں، کتنی درخواستیں زیر التوا ہیں اور اس فیصلے کا ذمہ دار کون ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر سسٹمز کی تنصیب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث صارفین بجلی کے بلوں میں واضح کمی محسوس کر رہے ہیں۔
اسی تناظر میں درخواستوں کی رجسٹریشن روکنے کے اقدام پر صارفین اور توانائی کے ماہرین کی جانب سے بھی تحفظات سامنے آ رہے ہیں۔
نیپرا نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈسکوز کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ دیا گیا تو ضابطہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق نیپرا کا یہ اقدام نیٹ میٹرنگ کے نظام کو شفاف بنانے اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
