اپوزیشن کی قیادت میں قائم اتحاد تحریک تحفظِ آئین پاکستان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے اہم اعلان کر دیا ہے۔ اتحاد نے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے نئے چارٹر پر دستخط کرانے کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار ہے۔
عمران خان سے ملاقات کیلئے کردار ادا کریں ، اپوزیشن اتحاد کی اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات
ہم نیوز انگلش کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ مشروط مذاکرات کی پیشکش کے بعد تحریک تحفظِ آئین پاکستان کا ایک اہم اجلاس سربراہ محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، آئینی بحران اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن اتحاد نے شفاف انتخابات اور نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئین اور جمہوری اقدار کے استحکام کے لیے مکالمہ ناگزیر ہے اور ملک کو سیاسی و معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ایک نئے قومی چارٹر کی ضرورت ہے۔
حکومت نے اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کے نام پر اعتراض کردیا
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے 1973 کے آئین کی مکمل بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں استحکام کا واحد راستہ آئین کی بالادستی اور جمہوری اصولوں پر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک تحفظِ آئین پاکستان نئے چارٹر پر عمران خان کے دستخط کرانے کی ذمہ داری بھی قبول کرے گی۔
اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کی دو روزہ قومی کانفرنس کو کامیاب قرار دیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ 8 فروری کو پاکستان اور بیرونِ ملک ’’یومِ سیاہ‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ہڑتال اور اسٹریٹ موبلائزیشن سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
اپوزیشن اتحاد کا 27 ویں ترمیم کیخلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج
مزید یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ یومِ سیاہ کو کامیاب بنانے کے لیے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جبکہ صوبائی اور ضلعی سطح پر کمیٹیوں کے اعلان کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کے حوالے سے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نئے چارٹر میں پارلیمانی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کو بنیادی نکات کے طور پر شامل کیا جائے گا۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بامقصد مذاکرات ہی ملک کو موجودہ سیاسی ڈیڈلاک سے نکال سکتے ہیں۔
