سابق وزیر خزانہ اورعوام پاکستان پارٹی کے سیکرٹری جنرل مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری حکومت کااچھا فیصلہ ہے،پی آئی اے کی 135ارب میں نجکاری بڑا قدم ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ’’فیصلہ آپ کا‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا پی آئی اے کی نجکاری پر حکومت پر تنقید کرنا نہیں بنتی،2013کی ن لیگ کی حکومت میں بھی پی آئی اے کی نجکاری کی بات ہوتی تھی۔
پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کرکے حکومت آج بہت بڑے امتحان میں کامیاب ہوگئی۔
آج یہ دعویٰ بھی ختم ہوگیا کہ موجودہ حکومت پر کوئی اعتبار کرنے کیلئے تیار نہیں،جب مقامی لوگ سرمایہ کاری کرتے ہیں تو پھر باہر سے بھی سرمایہ کاری آتی ہے۔
پی آئی اے کی نجکاری سے دیگر اداروں میں بھی نجکاری کافروغ بڑھے گا،پی آئی اے کی نجکاری کے پیچھے وزیراعظم سمیت بہت سےلوگوں کی محنت ہے،عالمی اداروں کےمطابق پاکستان میں لوگوں کاسرمایہ کاری کیلئے اعتماد بڑھ رہا ہے۔
