پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی نجکاری کا عمل اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، نیلامی کیلئے بولیاں آج لگیں گی، نجکاری کمیشن نے انتظامات مکمل کر لئے۔
پی آئی اے خریداری کیلئے تین کنسورشیم بولی کے عمل میں حصہ لیں گی، کنسورشیم ون میں لکی سیمنٹ، حب پاور، کوہاٹ سیمنٹ اور میٹرو وینچرز شامل ہیں، کنسورشیم ٹو میں عارف حبیب، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی اسکولز اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل ہیں، پی آئی اے خریداری کیلئے کنسورشیم تھری ائیر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔ چوتھی کنسورشیم فوجی فرٹیلائزرز نیلامی کے عمل دستبردار ہو چکی ہے۔
بجلی کی قیمت: وزیر اعظم کی وزیر توانائی کو اہم ہدایات
نیلامی کیلئے بولیوں کا وقت صبح پونے گیارہ سے سوا گیارہ بجے تک مختص کیا گیا تھا، قومی ائیر لائن کی خریداری کے لیے تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے بولیاں جمع کرا دیں، بڈرز کی بولیاں سہ پہر ساڑھے تین بجے کھولی جائیں گی، پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں ریفرنس قیمت طے کی جائے گی۔
حکومتی فیصلے کے تحت یہ مرحلہ ٹی وی نیٹ ورکس پر براہِ راست دکھایا جائے گا، بولیاں جمع ہونے کے بعد انہیں ایک شفاف باکس میں رکھا جائے گا، اگر بولیاں ریفرنس قیمت سے زیادہ ہوئیں تو کھلی نیلامی ہوگی، بولیاں ریفرنس قیمت سے کم ہوئیں تو زیادہ بولی لگانے والے کو ترجیح دی جائے گی۔
کامیاب بولی کی صورت میں وفاقی کابینہ چند دنوں میں نیلامی کی منظوری دے گی، منظوری کے بعد بولی دہندگان سے موصول ہونے والی دستاویزات پر دستخط کا مرحلہ ہوگا، نجکاری کمیشن 90 دنوں میں جائیدادوں، واجبات، منتقلی سمیت دیگر امور مکمل کرے گا۔
طے کردہ طریقہ کار کے تحت بولی پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی بنیاد پر ہوگی، 75 فیصد حصص کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کا 92.5 فیصد پی آئی اے کو ملے گا، حصص کی فروخت سے صرف 7.5 فیصد قومی خزانے میں جائے گا۔
ابتدائی طور پر پی آئی اے کے 25 فیصد حصص حکومت کے پاس رہیں گے، کامیاب بولی دہندہ کو اختیار ہوگا کہ وہ ادائیگی کے بعد باقی 25 فیصد حصص خرید لے۔
نج کاری کمیشن کا کہنا ہے کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں 75 فیصد حصص کے لیے بولی کا انعقاد کیا جائے گا، پی آئی اے کی بولی کے لیے ریفرنس قیمت کی منظوری پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری، بولیاں موصول ہونے کے بعد دیں گے۔
ساڑھے تین بجے شروع ہونے والی ایک تقریب میں بولی دہندگان کی موجودگی میں بولیاں کھولی جائیں گی، تقریب میں بولیوں اور ریفرنس قیمت کا اعلان کیا جائے گا اور نجکاری کے عمل کو طے شدہ ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔
اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ، ڈالر مزید سستا ہو گیا
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی بولی کے عمل کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس بھی کریں گے، پی آئی اے کی نجکاری وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت کی جا رہی ہے۔
حکومت پاکستان تمام قواعد و ضوابط کے مطابق نجکاری کے شفاف، قابل اعتماد اور مستند عمل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، نجکاری کا عمل وزیرِ اعظم کے شفافیت کے ویژن کے مُطابق تمام ٹی وی چینلز، حکومتِ پاکستان اور پرائیویٹائزیشن ڈویژن کے متعلقہ سوشل میڈیا ہینڈلز سے بھی نشر کیا جائے گا۔
