لاہور: پنجاب حکومت صوبے بھر کے اساتذہ کے لیے نئی الیکٹرک بائیک اسکیم متعارف کروانے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ جس کا مقصد اساتذہ کو سفری سہولت فراہم کرنا اور ان کے روزمرہ اخراجات میں کمی لانا ہے۔
صوبائی حکام کے مطابق اس مجوزہ اسکیم کے تحت اساتذہ صرف ابتدائی قسط ادا کر کے الیکٹرک بائیک حاصل کر سکیں گے۔ جبکہ بقیہ ادائیگیوں کو آسان اقساط میں تعلیمی اداروں کی سطح پر ایڈجسٹ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ تاکہ اساتذہ پر مالی بوجھ کم سے کم رہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر خواتین اساتذہ کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ جس کے تحت سرکاری شعبے میں خدمات انجام دینے والی خواتین اساتذہ کو مفت اسکوٹیاں فراہم کرنے کی تجویز شامل ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ حکومت اساتذہ کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ جبکہ خواتین اساتذہ کو سفری سہولت دینا ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اہم قدم ہے۔
حکام کے مطابق اس مجوزہ سہولت سے وہ خواتین اساتذہ مستفید ہوں گی۔ جو سرکاری تعلیمی اداروں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ اور مقررہ سروس معیار پر پورا اترتی ہوں گی۔ اسکیم کی حتمی منظوری اور طریقہ کار سے متعلق تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سرکاری ملازمتوں کے مواقع: میڈیا، ڈیٹا اور ڈیجیٹل شعبے میں آسامیوں کا اعلان
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے لیے ایسی فلاحی اسکیمیں نہ صرف تعلیمی معیار بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ بلکہ اساتذہ کے مسائل کے حل میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
