اسلام آباد: جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا سنگین الزام عائد کر دیا۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں باقاعدہ شکایت دائر کر دی ہے۔
جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کے مطابق ڈگری کیس زیرِ سماعت ہونے کے باوجود چیف جسٹس نے نہ صرف اس معاملے پر ان سے اور چند دیگر افراد سے گفتگو کی بلکہ یہ بھی تسلیم کیا کہ ان پر کیس جلد سننے کے لیے شدید دباؤ ہے۔
درخواست میں انکشاف کیا گیا کہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جسٹس جہانگیری کو بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر پوسٹ ڈیٹ استعفیٰ دینے کی تجویز دی اور کہا کہ استعفیٰ چیف جسٹس کے پاس جمع کرا دیا جائے تاکہ ان پر دباؤ کم ہو جائے۔
جسٹس طارق جہانگیری کے مطابق زیر التواء مقدمے پر بات چیت کے بعد چیف جسٹس بنچ میں بیٹھنے کے اہل نہیں رہے تھے، اس لیے انہیں ڈگری کیس کی سماعت سے خود کو الگ کر لینا چاہیے تھا تاہم کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کرنے کے بجائے چیف جسٹس نے اپنے فیلو جج پر استعفیٰ دینے کا دباؤ ڈالنے کو ترجیح دی۔
کراچی میں کھلا نالہ بزرگ شہری کی جان لے گیا، ویڈیو سامنے آ گئی
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر ڈگری کیس کی سماعت سے معذرت کریں اور بنچ سے الگ ہو جائیں۔ جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ چیف جسٹس کی جانب سے زیر التواء معاملے پر گفتگو کرنا واضح طور پر عدالتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ ڈگری کیس سے متعلق درخواست آج ہی اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے۔
