متحدہ عرب امارات میں 2026 کے دوران عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی متوقع تعطیلات سامنے آ گئی ہیں، جو آئندہ سال کی سب سے طویل اور اہم سرکاری چھٹیوں میں شامل ہوں گی۔
یو اے ای کے سرکاری تعطیلات کے قانون کے مطابق 2026 میں کم از کم 12 سرکاری تعطیلات ہوں گی، جن میں سب سے زیادہ دن عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے حصے میں آئیں گے۔
تاہم قانون کے تحت تعطیلات کو ہفتے کے آغاز یا اختتام سے جوڑنے کی سہولت عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ پر لاگو نہیں ہوتی۔
عیدالفطر 2026 کی متوقع تاریخ
فلکیاتی حسابات کے مطابق عیدالفطر 2026 کا آغاز جمعہ 20 مارچ کو ہونے کا امکان ہے، جو رمضان المبارک کے اختتام پر منائی جاتی ہے۔ اس حساب سے جمعہ 20 مارچ، ہفتہ 21 مارچ اور اتوار 22 مارچ عیدالفطر کی تعطیلات متوقع ہیں، جس سے تین روزہ طویل ویک اینڈ بن سکتا ہے۔
عیدالاضحیٰ 2026 کی متوقع تاریخ
عیدالاضحیٰ کا آغاز یومِ عرفہ سے ہوتا ہے، جو 9 ذوالحجہ کو منایا جاتا ہے۔ اگر موجودہ پیشگوئیاں درست ثابت ہوئیں تو یومِ عرفہ منگل 26 مئی کو ہوگا، جبکہ عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی، جمعرات 28 مئی اور جمعہ 29 مئی کو منائی جائے گی۔
اس طرح عیدالاضحیٰ کی چار روزہ تعطیلات ویک اینڈ کے ساتھ مل کر چھ روزہ طویل وقفے میں تبدیل ہو سکتی ہیں۔
عید الاتحاد (قومی دن) 2026
عید الاتحاد، جو متحدہ عرب امارات کا قومی دن ہے، ہر سال 2 اور 3 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ 2026 میں یہ دن بدھ اور جمعرات کو آئیں گے۔ اگرچہ اضافی چھٹی کا امکان موجود ہے، تاہم حالیہ رجحانات کے مطابق جمعہ 4 دسمبر کو سرکاری اداروں کے لیے ریموٹ ورک جبکہ نجی شعبہ معمول کے مطابق کام کر سکتا ہے۔
حتمی اعلان عیدوں کی تاریخوں سے متعلق چاند دیکھنے اور حکومتی تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔
