اسلام آباد: پیپلز پارٹی رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں اب سیاسی لوگ ہیں جو اچھی بات ہے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے ہم نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان میں پہلی بار کسی سینئر افسر کو سزا ہوئی۔ فیض حمید کے خلاف فیصلہ اچھا اور نیک شگون ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید کے ساتھ گٹھ جوڑ میں شامل دیگر لوگوں سے بھی پوچھ گچھ ہونی چاہیئے۔ اور فیض حمید کو سزا اچھی روایت ہے۔ آنے والوں کے لیے بھی یہ سبق ہے۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی میں اب سیاسی لوگ ہیں جو اچھی بات ہے۔ اور سیاسی لوگ جب فیصلہ کریں گے تو چیزیں بہتری کی طرف جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے بعد قوم اکٹھی ہوئی جو تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔ لیکن پی ٹی آئی اور ن لیگ کی لڑائی میں قوم تقسیم ہو رہی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ جس صوبے پر اتفاق ہے پہلے وہ بنا لیں۔ اور نئے صوبے بنانے کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے شہریوں کو شناختی کارڈ کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کر دیں
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی تمام اکائیوں میں ریلیشن آئیڈیل نہیں۔ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے بچوں نے پوری قوم کو اکٹھا کیا تھا۔
