سڈنی کے معروف ساحلی علاقے بونڈی میں فائرنگ کے بعد گرفتار ملزم کے حوالے سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے پر پاکستانی نوجوان نوید اکرم منظر عام پر آ گئے ہیں۔
سڈنی میں مقیم نوید اکرم کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے بتایا جاتا ہے۔ انہیں مختلف بھارتی، افغان اور اسرائیلی میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے انہیں بونڈی حملے میں گرفتار دہشت گرد سے جوڑ دیا، جبکہ بعض بھارتی نیوز چینلز اور سوشل میڈیا صارفین نے گرفتار شخص کی جگہ ان کی تصاویر نشر کرنا شروع کر دیں۔
اس پروپیگنڈے کے بعد نوید اکرم نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بونڈی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور واضح کیا کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
نوید اکرم نے کہا کہ بغیر تصدیق ان کی تصاویر چلانے سے ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور جھوٹی معلومات کسی بھی شخص کی زندگی خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بونڈی حملے میں گرفتار ملزم کی شناخت نوید اکرم کے نام سے سامنے آنے کے بعد میرے فیس بک اکاؤنٹ سے تصاویر اٹھا کر غلط طور پر نشر کی جا رہی ہیں، جسے میں مکمل طور پر مسترد کرتا ہوں۔
پاکستانی نوجوان نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر یا تصویر کو نشر کرنے سے قبل اس کی مکمل تصدیق کی جائے تاکہ بے گناہ افراد کو نقصان نہ پہنچے۔