اسام کرکٹ ایسوسی ایشن (اے سی اے) نے کرکٹ میں بدعنوانی کے سنگین الزامات پر بڑا قدم اٹھاتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو معطل کر دیا ہے۔ معطل ہونے والے کھلاڑیوں میں امیت سنہا، ایشان احمد، امن ترپاٹھی اور ابھیشیک ٹھاکری شامل ہیں، جنہوں نے مختلف مواقع پر اسام کی نمائندگی کی ہے۔
کرک انفو کے مطابق اے سی اے کا کہنا ہے کہ یہ کھلاڑی سید مشتاق علی ٹرافی 2025 کے دوران کرپٹ سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث پائے گئے، جہاں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسام ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو متاثر کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر اکسانے کی کوشش کی۔ ٹورنامنٹ کے اسام کے لیگ میچز لکھنؤ میں 26 نومبر سے 8 دسمبر تک کھیلے گئے تھے، تاہم ٹیم سپر لیگ مرحلے تک رسائی حاصل نہ کر سکی۔
حیدر علی پر عائد عارضی معطلی ختم ، دوبارہ کرکٹ کھیلنے کی اجازت
اے سی اے کے سیکریٹری سنتن داس نے بتایا کہ الزامات سامنے آنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ (اے ایس سی یو) نے معاملے کی تحقیقات کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں کھلاڑیوں کے سنگین بدعنوانی میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں، جو کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے سی اے نے چاروں کھلاڑیوں کے خلاف ریاستی پولیس کے کرائم برانچ میں ایف آئی آر بھی درج کرا دی ہے، جبکہ حالات کی مزید خرابی کو روکنے کے لیے فوری طور پر معطلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
معطلی کے دوران یہ کھلاڑی اسام کرکٹ ایسوسی ایشن، اس کے ضلعی یونٹس یا الحاق شدہ کلبز کے تحت کسی بھی ریاستی سطح کے ٹورنامنٹ یا میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اس کے علاوہ کوچ، امپائر، میچ ریفری یا کسی بھی کرکٹ سے متعلق سرگرمی میں شرکت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے مچل اسٹارک کو اپنا کرکٹ رول ماڈل قرار دے دیا
سنتن داس نے بتایا کہ تمام ضلعی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے کلبز اور اکیڈمیز کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کریں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں شفافیت اور احتساب کے سوالات کو اجاگر کرتا ہے، جبکہ اے سی اے کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی دیانت داری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
