اسلام آباد، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج میں شروع کیے گئے تاریخی احتسابی عمل نے عوام کا اعتماد مزید مضبوط کیا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز نے اپنے ادارے سے احتساب کا آغاز کر کے ایسی مثال قائم کی جو فوج کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ طاقتورسمجھے جانے والے سابق افسر فیض حمید نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، جن کا 15 ماہ تک ٹرائل ہوا اورانہیں مکمل صفائی کا موقع دیا گیا یہ فیصلہ کسی جماعت یا حکومت کی نہیں بلکہ آئین کی فتح ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ فیض حمید نے ریاستی عہدہ ذاتی پسند نا پسند کیلئے استعمال کیا، حکومتیں گرائیں، سیاسی انجینئرنگ کی اورایک جماعت کو فائدہ پہنچایا جبکہ دوسری کونشانہ بنایا گیا جس کا خمیازہ ملک گزشتہ آٹھ برس سے بھگت رہا ہے۔
پی ٹی آئی والے بہنوں کوخوش کرنے کیلئے جھوٹ بولتے ہیں، شیر افضل مروت
ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی اورفیض حمید کا گٹھ جوڑ سیاسی عدم استحکام کا باعث بنا اوراداروں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
بانی پی ٹی آئی جیل کو ’’پارٹی سیکرٹریٹ‘‘ کے طور پراستعمال کررہے ہیں جبکہ ان کے بیانات اور پروپیگنڈا اداروں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔
بیرون ملک بیٹھے بعض عناصر بھی اسی بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں، ن لیگ کی قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات اور متنازعہ الیکشن اسی سیاسی انجینئرنگ کا حصہ تھے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اب کوئی طاقتورشخص سیاسی انجینئرنگ نہیں کرسکے گا، پی ٹی آئی کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ اب فیض حمید نہیں جواُنہیں سپورٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے معاملے پرذمہ داری کا مظاہرہ کرے، بصورتِ دیگرگورنر راج کا آپشن موجود ہے۔
