اسلام آباد، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ایوان بالا میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سینیٹ کو ہنگامہ آرائی، شور شرابے اور بد نظمی کا میدان نہیں بننے دیا جائے گا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ رولنگ پر مکمل عملدرآمد کیلئے پارلیمانی لیڈرزکو باضابطہ خطوط ارسال کردیئے گئے ہیں، تاکہ تمام اراکین پارلیمانی آداب کے مطابق ایوان کی کارروائی میں حصہ لیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کا تقدس ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور فیصلہ سازی کے عمل کو متاثر کرنے والی کسی بھی حرکت کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔
سیدال خان کے مطابق اجلاس نظم و ضبط کے مطابق چلایا جائے گا اور قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم کی روسی ، ترکیہ ، تاجکستان اور کرغزستان کے صدور سے ملاقاتیں
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایوان میں غیرضروری نعرے بازی یا کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی پرمکمل پابندی ہوگی۔
پارلیمانی فورمز کا مقصد مثبت مکالمہ، شفافیت اورمہذب اندازمیں قانون سازی ہے اس لئے ہر رکن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان بالا کی عظمت اورسنجیدگی کو برقراررکھے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سینیٹ کے تقدس اورکارروائی کی روانی کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ اجلاس کا ماحول ہر لحاظ سے باوقاراورمؤثر رہے۔