پاکستان کے معروف آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے بڑے ناموں کی وجہ سے بگ بیش لیگ کو شہرت مل رہی ہے۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے سڈنی سے ورچوئل میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ بگ بیش لیگ کے لیے اچھی تیاری ہے، گزشتہ برس کے رنرز اپ ہیں، شاداب خان بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اسٹار کھلاڑیوں کے جانے کے بعد آئی پی ایل کی برانڈ ویلیو میں بڑی کمی
ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی گزشتہ برس جو کمی رہ گئی تھی اس کو پورا کریں، شاداب خان نے کہا کہ خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کے بڑے نام اس مرتبہ بی بی ایل کھیل رہے ہیں۔
پاکستان کے بڑے ناموں کی وجہ سے لیگ کو بھی شہرت مل رہی ہے، پہلے بھی پاکستان کے کرکٹرز آسٹریلیا آ کر کھیلتے رہے ہیں لیکن ایک ساتھ اتنی تعداد پہلے نہیں تھی۔
شاداب خان نے کہا کہ ملک میں تو ہم ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے رہے ہیں بیرون ملک پہلی مرتبہ کھیل رہے ہیں، ہم سب ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کے منتظر ہیں، دوستوں کے خلاف کھیلنے کا الگ احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی بی ایل میرے لیے بڑی اہم ہے، پانچ ماہ کے بعد میں ایکشن میں ہوں گا، یہ میرے لیے اچھا موقع ہے، مجھے اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ ہمارے ساتھ فینز بھی پرجوش ہیں، وہ بی بی ایل شروع ہونے کے منتظر ہیں، 2022 میں ہم نے یہا ں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلا، بہت اسپورٹ ملی تھی۔
پاکستانی آل راؤنڈر نے کہا کہ بی بی ایل میں بھی پاکستان کے بڑے نام ایکشن میں ہوں گے، بہت اسپورٹ ملے گی، انجری ہونا کھیل کا حصہ ہے، ایسا نہیں ہے کہ مجھے ہی انجری ہوتی ہے۔
بھارتی بالرارشدیپ سنگھ کی جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں مشکوک بالنگ
انہوں نے کہا کہ پیٹ کمنز ایک بڑا نام ہیں، ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا، ڈیوڈ وارنر بھی ٹیم میں ہیں، بڑے ناموں کے ساتھ ڈریسنگ روم شئیر کرنے کا فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی وکٹ لینے سے ہی مجھے سپر فٹ نہیں مان لینا چاہیے، ہم ایک دوسرے کو قریب سے جانتے ہیں دیکھتے ہیں کہ میچ والے دن کیا ہوتا ہے، کوشش یہی ہو گی کہ فرنچائز کی توقعات پر پورا اتروں۔
