کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ملک میں سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونا 500 روپے اضافہ سے 4 لاکھ 43 ہزار 562 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونا 428 روپے اضافہ سے 3 لاکھ 80 ہزار 282 روپے کا ہو گیا۔
پاکستانی ہر سال کتنے کلو سونا خریدتے ہیں؟ اعدادوشمار جاری
خیال رہے کہ پاکستان میں سالانہ سونے کی طلب 60 سے 90 ٹن کے درمیان ہے جس کی مالیت تقریباً 8 سے 12 ارب ڈالر بنتی ہے، لیکن اس میں سے 90 فیصد سے زیادہ کاروبار اب بھی غیر دستاویزی ہے۔
سی سی پی کی ’’پاکستان کی سونے کی مارکیٹ‘‘ سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ملکی سونے کی 70 فیصد طلب شادیوں اور تقریبات سے جڑی ہوتی ہے۔
پاکستان سونے کی درآمدات پر بھی انحصار کرتا ہے اور مالی سال 2024 میں 1 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا۔ملک کے سرکاری ذخائر 2025 کے آخر تک 64.76 ٹن ریکارڈ کیے گئے جن کی مالیت تقریباً 9 ارب ڈالر بنتی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریکو ڈیک منصوبہ آئندہ 37 برسوں میں 74 ارب ڈالر تک کی آمدنی پیدا کر سکتا ہے، جبکہ موجودہ قیمتوں کے مطابق اس سے 1 کروڑ 79 لاکھ اونس سونا حاصل ہوگا جس کی مالیت تقریباً 54 ارب ڈالر ہے۔
