پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون نے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انتہائی کامیاب اور بھرپور روڈ شو کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی شناخت مزید مستحکم کر لی۔
اس اہم تقریب میں دنیا بھر سے آئے ہوئے درجنوں سرمایہ کاروں، بزنس گروپس اور اسپورٹس سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی، جبکہ تقریب میں شرکت کرنے والے بیشتر سرمایہ کاروں نے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی ممکنہ خریداری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
انتظامیہ کے مطابق اس بھرپور رسپانس نے پی ایس ایل کی بین الاقوامی مارکیٹ ویلیو میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لندن روڈ شو کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں اتنے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کرکٹ کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہے۔
بگ بیش لیگ کے 15ویں سیزن کیلئے قومی کھلاڑی آسٹریلیا پہنچ گئے
انہوں نے لارڈز کی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو نئی ٹیموں میں دلچسپی پی ایس ایل کی مقبولیت کا ثبوت ہے اور یہ سفر لیگز کی عالمی فہرست میں پی ایس ایل کو ایک بڑا اور باوقار برانڈ بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کی یہ کامیابی صرف پی سی بی کی نہیں بلکہ پاکستان کے پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والے عوام کیلئے بھی اعزاز ہے اورآنے والا پی ایس ایل الیون اب تک کا سب سے بڑا اور شاندار ایڈیشن ثابت ہوگا۔
