کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت نے سخت اقدامات کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ بلوچستان نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق شہر بھر میں متعدد پابندیاں فوری طور پر مؤثر ہو گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ میں اسلحے کی نمائش اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے خواتین اور بچوں کے علاوہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی جبکہ گاڑیوں پر سیاہ شیشے لگانے کی سخت ممانعت کر دی گئی ہے، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی لاگو کردی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق 5 سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس، ریلیاں اور دھرنے منعقد کرنا بھی مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ عوامی مقامات پر ماسک یا مفلرکے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے تاکہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے۔
پنجاب میں ہائی الرٹ، بڑے شہروں میں فوری کومبنگ آپریشنز کا حکم
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پولیس، لیویز اور ایف سی کو پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کیلئے کارروائی کے خصوصی اختیارات دے دیئے گئے ہیں، خلاف ورزی کیصورت میں ملزمان کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
پابندیاں 22 دسمبر 2025 تک مؤثر رہیں گی جبکہ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کریں۔
