لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے پارکنگ گیراج میں پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے میں 3 سالہ بچے سمیت 21 افراد مرچ سپرے سے متاثر ہو گئے جبکہ ایک خاتون سے اس کا سوٹ کیس بھی چھین لیا گیا۔
پولیس نے واقعے کے بعد ایک 31 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح ہیتھرو ایئرپورٹ کی پارکنگ میں اس وقت پیش آیا جب 4 افراد نے لفٹ میں ایک خاتون سے اس کا سوٹ کیس چھینا اور اس پر مرچ سپرے جیسا کیمیکل چھڑک دیا۔ لفٹ میں موجود دیگر مسافر اور اردگرد کے لوگ بھی اس کی زد میں آ گئے۔
کیا ڈاکو نے معصوم بچی کی وجہ سے ڈکیتی نہیں کی؛ ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟
پولیس کے کمانڈر پیٹر اسٹیونز کے مطابق متاثرہ خاتون اور ملزمان ایک دوسرے کو جانتے تھے اور ابتدائی تحقیقات میں اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار نہیں دیا جا رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپس کے تنازع نے شدت اختیار کی اور اس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
عینی شاہد کے مطابق حملہ آور سیاہ لباس میں ملبوس تھے اور ان کے سر ڈھکے ہوئے تھے، واردات کے بعد وہ لفٹ سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر بھاری اسلحے کے ساتھ بڑی نفری تعینات کر کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
فضائی حدود کی پابندی، بھارتی ائیر لائن شدید بحران کا شکار، سینکڑوں پروازیں منسوخ
ایمبولینس عملے نے متاثرہ افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی جبکہ 5 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق کسی کی حالت تشویشناک نہیں۔ واقعے کے باعث ایئرپورٹ پر کئی گھنٹوں تک پروازوں کی آمد و رفت متاثر رہی، تاہم اب آپریشن معمول پر آ چکا ہے۔ پولیس دیگر ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔
