جنوبی کوریا کی عدالت نے معروف فٹبال اسٹار سون ہیونگ من کو بلیک میل کرنے والی خاتون کو 4 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق خاتون کا خاندانی نام یانگ جبکہ اس کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔
سیول سینٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے اسی مقدمے میں ایک اور ملزم، جس کی شناخت یونگ کے نام سے ہوئی ہے، کو بلیک میلنگ کی کوشش پر 2 سال قید کی سزا دی ہے۔ دونوں ملزمان مئی 2025 سے حراست میں تھے۔
کراچی،تاجرسے2کروڑبھتہ طلب کرنے کےالزام میں 3 ملزم گرفتار
استغاثہ کے مطابق یانگ نے 2024 میں سون ہیونگ من سے 300 ملین وون، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 20 کروڑ روپے بنتے ہیں، بطور بھتہ وصول کیا تھا۔
اس نے فٹبالر کو ایک مبینہ حمل کی الٹراساؤنڈ تصویر بھیج کر دھمکی دی تھی کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو وہ عوام کے سامنے یہ دعویٰ کر دے گی کہ وہ اس کے بچے کی ماں بننے والی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمہ نے یہ رقم مہنگی اور لگژری مصنوعات پر خرچ کی۔
رواں برس اس نے دوسرے ملزم یونگ کے ساتھ مل کر بلیک میلنگ کے ذریعے مزید 70 ملین وون حاصل کرنے کی کوشش کی، جس پر سون ہیونگ من نے حکام کو اطلاع دی اور دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
