لاہور: پنجاب حکومت نے سرکاری اسکولوں کے طلبا کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور روبوٹکس کی تعلیم دینے کے لیے جدید لیبز قائم کرنا شروع کر دیں۔
پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے طلبا اب صرف نصابی کتب تک محدود نہیں رہیں گے۔ بلکہ وہ روبوٹس بنانے، پروگرامنگ اور مصنوعی ذہانت کی عملی تربیت بھی حاصل کریں گے۔
منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں چند اسکولوں میں پائلٹ پروجیکٹ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد صوبے بھر میں جدید لیبز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق اے آئی اور روبوٹکس لیبز طلبا میں تخلیقی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کا عملی استعمال سکھانے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات عیدالفطر کے بعد لینے کا فیصلہ
اسٹیم لیب کی ماسٹر ٹرینر مریم فاطمہ نے کہا کہ پروگرام کا مقصد طلبا کو ایسے جدید ہنر دینا ہے۔ جو مستقبل کے روزگار کے مواقع کے لیے بھی انتہائی ضروری ہیں۔ ہم چاہتے ہیں بچے صرف ٹیکنالوجی استعمال نہ کریں بلکہ خود ٹیکنالوجی بنانے کے قابل بھی بنیں۔
