وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری نے خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے ان آپریشنز میں فتنتہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج ہلاک
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی ٹانک اور لکی مروت میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے نو خوارج کے مارے جانے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔
صدر زرداری نے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے قوم اور فورسز کا عزم اس فتنے کے خاتمے تک برقرار رہے گا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مکروہ عزائم ناکام بنانے پر فورسز کے حوصلے کی تعریف کی۔
