ہالی ووڈ کی تاریخ کا ایک بڑا کاروباری معاہدہ طے پایا ہے جس سے سینما اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا عالمی سطح پر نقشہ بدلنے کا امکان ہے۔
اس معاہدے کے تحت نیٹ فلکس نے وارنر برادرز ڈسکوری کے ٹی وی، فلمی اسٹوڈیوز اور اسٹریمنگ ڈویژن کو 72 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب وارنر برادرز ڈسکوری نے اکتوبر میں اپنی اثاثہ فروشی کے لیے باضابطہ نیلامی کا آغاز کیا تھا۔ ابتدا میں نیٹ فلکس اس عمل کو صرف کاروباری معلومات حاصل کرنے کے مقصد سے دیکھ رہا تھا، تاہم بعد میں اس نے مکمل خریداری کی دوڑ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق نیٹ فلکس نے اکتوبر کے آخر میں وارنر برادرز کے اثاثوں میں دلچسپی لینا شروع کی، خاص طور پر اس کے فلمی اسٹوڈیو، تھیٹر ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک اور HBO Max اسٹریمنگ سروس کو اپنی ترقی کے لیے انتہائی اہم سمجھا گیا۔ ماہرین کے مطابق پرانی فلمیں اور ٹی وی شوز اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی بڑی طاقت ہوتے ہیں جو مجموعی ویونگ کا بڑا حصہ بنتے ہیں۔
نیٹ فلکس کو اس معاہدے کے لیے پیراماؤنٹ اور کامکاسٹ جیسی بڑی کمپنیوں کا سخت مقابلہ بھی درپیش تھا، تاہم وارنر برادرز کے بورڈ نے نیٹ فلکس کی پیشکش کو سب سے مضبوط، قابلِ عمل اور فوری فائدہ دینے والی ڈیل قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق پیراماؤنٹ نے اگرچہ زیادہ مالیت کی پیشکش دی تھی، تاہم مالی انتظامات پر خدشات کے باعث بورڈ مطمئن نہ ہو سکا۔ دوسری جانب نیٹ فلکس نے ریگولیٹری منظوری کے ممکنہ خطرات کے باوجود تقریباً 6 ارب ڈالر کی بھاری بریک اپ فیس کی پیشکش کر کے اپنی سنجیدگی ثابت کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلہ کن پیشکش جمعرات کی رات پیش کی گئی، جس کے بعد نیٹ فلکس کو ڈیل کی منظوری کی اطلاع دی گئی۔ اس فیصلے کو نیٹ فلکس کے لیے ایک بڑی اسٹریٹجک کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں عالمی اسٹریمنگ مارکیٹ کی سمت متعین کر سکتی ہے۔
