اسلام آباد، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ اہم ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خصوصاً غزہ میں جاری انسانی بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فلسطینی شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اورعالمی برداری کو فوری اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسحاق ڈار نے اسرائیل کی جانب سے رفح کراسنگ کو محدود کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف غزہ کے محصور شہریوں کے لیے مشکلات بڑھاتا ہے بلکہ انسانی امداد کی فراہمی میں بھی براہ راست رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ رفح کراسنگ کو خروج کے لیے محدود کرنا بین الاقوامی اصولوں اور جاری امن منصوبے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 3 اہم منصوبوں پر دستخط
ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غزہ تک بلا رکاوٹ انسانی امداد یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کی جائیں گی۔
سعودی وزیر خارجہ نے بھی فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
مکالمے کے اختتام پر دونوں ممالک نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
