اسلام آباد، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر کی مختلف جیلوں میں 21 ہزار 647 پاکستانی شہری اس وقت قید ہیں۔
ان میں سزا یافتہ افراد بھی شامل ہیں جبکہ ایک بڑی تعداد ایسے پاکستانیوں کی ہے جن کے مقدمات مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔
وزیر خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں سب سے زیادہ 10 ہزار 745 پاکستانی قید ہیں، جن میں کچھ سزا یافتہ جبکہ بڑی تعداد زیرِ سماعت مقدمات کا سامنا کررہی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں 5 ہزار 297 پاکستانی بند ہیں، تاہم وہاں پاکستانی شہریوں کے جرائم کی نوعیت سے متعلق تفصیلات دستیاب نہیں ہو سکیں۔
تحریری جواب کے مطابق بھارت کی جیلوں میں 738 پاکستانی قید ہیں، تاہم بھارتی حکام ان سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم نہیں کررہے۔
چین میں اس وقت 652 پاکستانی بند ہیں جن میں سے اکثر منشیات اسمگلنگ اورجعلی کرنسی کے مقدمات میں گرفتار کیے گئے ہیں، اسی طرح قطرمیں 599، عمان میں 578، ملیشیا میں 444 اوراٹلی میں 353 پاکستانی مختلف جرائم میں قید ہیں۔
سزا یافتہ قیدی سے جیل قوانین کے مطابق سیاسی ملاقاتیں ممنوع ہیں، اعظم نذیر تارڑ
بحرین میں 218، ترکیہ میں 190 جبکہ امریکہ میں 141 پاکستانی شہری مختلف نوعیت کے مقدمات میں سزائیں کاٹ رہے ہیں۔ افغانستان کی جیلوں میں بھی 91 پاکستانی قید پائے گئے ہیں۔
تحریری جواب کے مطابق دنیا بھر میں قید پاکستانیوں میں سے 13 ہزار 78 افراد کے مقدمات زیرِ سماعت ہیں جبکہ 8 ہزار 569 پاکستانی سزا یافتہ قرار پائے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرونِ ملک گرفتار پاکستانیوں کے لئے قونصلر رسائی اورقانونی معاونت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
