پشاور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر ڈی جی ایکسائز سمیت 8 اہلکاروں کی تنخواہیں بند کرنے کے لیے اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
عدالت کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ سات دسمبر 2024 سے منشیات سے متعلق ایک مقدمہ زیر سماعت ہے، جس میں تھانہ ایکسائز کے سات اہلکار بطور استغاثہ گواہ نامزد ہیں۔ متعدد مرتبہ نوٹس جاری کیے جانے کے باوجود گواہان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈی جی ایکسائز کو بھی بار بار عدالت میں پیش ہونے کے نوٹس دیے گئے، تاہم عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ گواہان کے پیش نہ ہونے کے باعث مقدمہ مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔
عدالت نے اس صورتحال کو سنجیدہ عدالتی غفلت قرار دیتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کو ہدایت کی ہے کہ ڈی جی ایکسائز سمیت دیگر متعلقہ اہلکاروں کی تنخواہیں فوری طور پر بند کی جائیں۔
