مشیر برائے وزیرِ خزانہ خرم شہزاد نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے برآمدی سامان پر عائد ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کے فوری اطلاق کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
ان کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی اس اقدام کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے اس حوالے سے جاری اپنے سابقہ سرکلر لیٹرز واپس لے لیے ہیں۔
خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کی قیادت میں بنائے گئے ورکنگ گروپس کے نتائج نہایت تیزی سے سامنے آ رہے ہیں، اور اسی سلسلے میں وزیراعظم کے فیصلے پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کا آغاز ہو چکا ہے۔
ٹویوٹا کا فورچیونر کی قیمتوں میں خصوصی کمی کا اعلان
انہوں نے کہا کہ سرچارج کے خاتمے سے ملکی برآمدات کو براہِ راست فائدہ ہوگا اور کاروباری لاگت میں نمایاں کمی متوقع ہے، جو عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی مسابقت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
مشیرِ خزانہ کے مطابق حکومت کا مقصد برآمدی شعبے کو سہولت فراہم کرنا، آپریشنل اخراجات کم کرنا اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانا ہے۔
معاشی ماہرین کی رائے ہے کہ اس فیصلے سے برآمدی صنعت کو خاطر خواہ سہولت ملے گی اور مستقبل قریب میں برآمدات میں اضافے کا امکان ہے۔
