بھارت مسلسل رکاوٹیں کھڑی کرکے سری لنکا کے لیے بھیجی جانے والی انسانی امداد میں تاخیر کا سبب بن رہا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے خصوصی طیارے کے ذریعے سری لنکا کو امدادی سامان بھیجا جا رہا ہے، تاہم بھارتی حکام کی جانب سے فلائٹ کلیئرنس نہ ملنے کے باعث مشن 60 گھنٹے سے رکا ہوا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے 48 گھنٹے کی تاخیر کے بعد جو کلیئرنس جاری کی، وہ عملی طور پر ناقابلِ استعمال تھی۔
بیان کے مطابق یہ اجازت نہایت محدود وقت کے لیے تھی اور اس میں واپسی کی منظوری شامل نہیں تھی، جس کے باعث خصوصی طیارہ پرواز نہیں کر سکا۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ اس تاخیر کی وجہ سے سری لنکا کے لیے فوری طور پر درکار امدادی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ امداد ایک ایسے ملک کے لیے ہے جو مشکل کی گھڑی میں فوری مدد کا منتظر ہے۔ سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا کے بعد ہونے والی لگاتار بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے جس میں سینکڑوں جانیں نقصان اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
